قلبی حملہ کے فوراً بعد علاج فراہم کرنا ضروری : دیوی شٹی
بنگلورو16؍ستمبر(ایس او نیوز) شہر کے قلب شیواجی نگر کے براڈوے روڈ پر عنقریب اعلیٰ ترین سہولیات سے آراستہ ایک قلبی اسپتال عوام کی خدمت کیلئے تیار رہے گا۔ ریاستی وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کی دیرینہ کوششوں کے نتیجہ میں بی بی ایم پی اور نارائن ہردالیہ کے اشتراک سے یہ اسپتال تکمیلی مراحل کی طرف رواں دواں ہے۔ آج اس سلسلے میں نارائن ہردالیہ کے سربراہ اور ملک کے معروف قلبی سرجن ڈاکٹر دیوی شٹی نے جناب روشن بیگ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سدرامیا سے ملاقات کی اور اس مجوزہ اسپتال کی پیش رفت کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے بتایا کہ شہر کے غریب عوام کو قلبی بیماریوں کی صورت میں فوری علاج کی سہولت مہیا کرانے کے مقصد سے شیواجی نگر میں نارائن ہردالیہ کے اشتراک سے بہترین سہولیات سے آراستہ ایک اسپتال کی تعمیر تیزی سے تکمیل کی طرف رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہاکہ قلبی بیماری کا شکار غریب عوام اکثر اس کے مہنگے علاج کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں اور بعض اوقات مریضوں کے اپنے گھروں سے اسپتال پہنچنے تک ہی ان کی موت ہوجاتی ہے۔ نارائن ہردالیہ جو قلبی امراض کے شعبے میں بہترین خدمات انجام دے رہا ہے، اس اسپتال کی سہولیات کو شہر کے قلب میں فراہم کرنے کے مقصد سے بی بی ایم پی کی طرف سے 12؍ کروڑ روپیوں کی لاگت پر براڈوے روڈ پر عمارت کی تعمیر کا کام کافی تیزی سے جاری ہے۔ اس اسپتال پر نارائن ہردالیہ کی طرف سے 20کروڑ روپیوں کا سرمایہ لگایا جارہاہے، اس رقم سے اسپتال میں جدید ترین مشنری نصب کی جائیں گی۔ تاکہ ریاست بالخصوص شہر بنگلور کے غریب عوام دل کی بیماریوں کے بہتر علاج کیلئے اس اسپتال کا رخ کرسکیں۔اس موقع پر ڈاکٹر دیوی شٹی نے بتایاکہ کسی بھی قلبی مریض یا قلبی حملے کا شکار فرد کیلئے ابتدائی ایک گھنٹے کو سنہری مدت قرار دیا جاتاہے، اس مدت کے دوران اگر اگر اس مریض کا علاج کردیا جائے تو اس کی زندگی بچنے کے صد فیصد امکانات ہوتے ہیں۔ شہر کے قلبی علاقوں سے موجودہ نارائن ہردالیہ کیمپس تک پہنچنے تک کافی دیر ہوتی ہے اسی لئے اس تاخیر کو ٹال کر عوام کو بروقت علاج فراہم کرنے کے بنیادی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے شیواجی نگر میں یہ نیا اسپتال تعمیر کیا جارہاہے۔ 100 بستروں پر مشتمل اسپتال میں قلبی علاج کی جدید ترین سہولیات مہیا کرائی جائیں گی اور یہاں مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت رعایتی شرحوں پر غریب عوام کا علاج فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر بی بی ایم پی کارپوریٹر گنا شیکھر بھی موجود تھے۔